Agora کا سفیر کسی ملک میں Agora کے ابتدائی مراحل میں تنظیم کے رہنما یا مُبَلِغ کی حیثیت سے کام کرتا ہے۔ وہ تنظیم، اس کے اصولوں اور اس کی بنیادی اقدار کی نمائندگی کرتا ہے۔ وہی مستقبل کی مجلسِ نُظَمَاء یا بورڈ آف ڈائریکٹرز کی داغ بیل ڈالتا ہے۔

شرائط

اس مقصد کی تکمیل کے لیے Agora  کے سفراء کو انتہائی با کردار، مددگار اور اپنے ملک میں لوگوں کو Agora کلب شروع کرنے، چلانے اور تنظیم کی ملکی ترقی میں مدد دینے پر آمادہ رہنا چاہیے۔ کسی ملک میں ایک یا کئی سفراء کی تعیناتی کا دارو مدار اس کے رقبے اور آبادی پر ہے۔

سفراء کو درج ذیل شرائط پر پورا اترنا چاہیے:

  •  اپنے ملک میں ایک ریفرینس کلب چلانا ۔
  •  Agora کے بارے میں تمام معلومات پر مکمل عبور حاصل ہونا۔ ہمارا مقصد، مشن، تعلیمی پروگرام، اجلاس کے حصے، فرائض منصبی اور کلب تخلیق کرنے و چلانے کے رہنما اصول۔
  •  ہر سال اپنے ملک میں کم از کم ایک نیا کلب بنانا۔ اس سے مراد اسے چلانا نہیں (اَلَ٘ا یہ کہ آپ ایسی خواہش اور وقت رکھتے ہوں)۔ محض ایک نئے کلب کی بنیاد رکھنے میں مدد اور اس کی سرپرستی تاکہ وہ آزادانہ طور پر ترقی کی منازل طے کر سکے۔
  • اپنے کلب کے بارے میں میڈیا (تصاویر اور ویڈیوز) شیئر کرنا۔
  • با ضابطہ طور پر اپنے سماجی رابطہ پروفائلز پر تنظیمی خطاب ("فلاں ملک کے لئے Agora Speakers کا سفیر") شامل کرنا۔
  • Agora Speakers International کے نظریات اور اصولوں کے مطابق رویہ اختیار کرنا۔

 

انصرامی اور عملیاتی نقطہ نظر سے Agora سفراء کو لازمی طور پر:

  • اس ملک میں رہائشی ہونا چاہیے جس کی وہ نمائندگی کرتے ہیں۔
  • روزانہ کی بنیاد پر کمپیوٹر اور انٹرنیٹ کنیکشن تک رسائی اور سفراء کی میلنگ لسٹ میں حصہ لینے کے قابل ہونا چاہیے۔
  • انگریزی میں بات چیت کرنے کے قابل ہونا چاہیے اور جس ملک یا خطے میں وہ رہائش پذیر ہوں اس کی سرکاری زبان میں مقامیوں جیسی روانی حاصل ہونی چاہیے (اگر ملک کی ایک سے زیادہ سرکاری زبانیں ہوں تو ایک میں روانی کافی ہے)۔
  • سفراء کے ماہانہ اجلاسوں میں باقاعدگی سے حصہ لینے کے قابل ہونا چاہیے۔

.

براہ کرم یاد رہے کہ سفیر کا درجہ عطا کیا جانا کوئی خود کار عمل نہیں اور یہ کُلِ٘ی طور پر Agora Speakers International فاؤنڈیشن کی صوابدید پر منحصر ہے۔ اگر آپ مذکورہ بالا تمام شرائط پر پورا اترتے ہوں تب بھی دیگر وجوہات کی بنا پر یہ درجہ دینے سے معذرت کی جا سکتی ہے۔ اس کے برعکس بھی ممکن ہے: اگر آپ مندرجہ بالا شرائط میں سے چند پوری نہیں بھی کرتے تب بھی آپ کو سفیر کا درجہ عطا کیا جا سکتا ہے، اگر آپ کی خدمات غیر معمولی ہیں یا آپ نے فاؤنڈیشن کی غیر معمولی قدر افزائی کی ہے۔

 

نیز براہ کرم یاد رہے کہ سفیر بننے کی شرائط وقت کے ساتھ تبدیل ہوتی رہتی ہیں اور بہت حد تک کسی ملک میں Agora کی ترقی پر منحصر ہیں۔

ریفرینس کلب چلانا

سفیر کا ایک سب سے اہم کام "ریفرینس" یا " ٹیمپلیٹ/ سانچہ کلب" چلانا ہے۔ ایک ایسا Agora کلب جس کا ملک کے دیگر لوگ حوالہ دے سکیں اور جسے حقیقی زندگی کے عملی نمونے کے طور پر دیکھ سکیں کہ Agora دنیا بھر میں کیسے کام کرتا ہے۔ لہٰذا ریفرینس کلبوں کو اجلاس کے دوران اجلاس کی منظور شدہ ترتیب/ فارمیٹ اور فرائض منصبی کے بارے میں کم از کم شرائط سے آگاہ ہونا چاہیے۔ کسی ریفرینس کلب کی شرائط کسی عام عوامی کلب کے مقابلے میں قدرے سخت ہوتی ہیں کیونکہ آخر کار یہ محض ایک کلب سے کہیں زیادہ ہوتا ہے - یہ تنظیم کے کام کرنے کے انداز کی نمائندگی کرتا ہے۔ مخصوص فرق جاننے کے لیے یہ تقابلی فہرست  ملاحظہ کریں۔


اس میں کچھ جلسوں، تقاریر اور فرائض منصبی کو ریکارڈ کرنے اور Agora برادری کے باقی افراد خصوصاً میڈیا، بلاگز اور اپنے ملک کی دیگر مطبوعات میں ان کو شیئر کرنے سے مدد ملتی ہے۔ Agora سفراء کو تنظیم کی اقدار، نظریات اور بنیادی اصولوں کی پاسداری کرنی چاہیے۔ یہی وجہ ہے کہ یہ امر بہت اہم ہے کہ ریفرینس کلب ممکنہ حد تک بے عیب کارکردگی کا مظاہرہ کرے۔


ریفرینس کلب کا عوامی ہونا اور عوام الناس، Agora یا دیگر تنظیموں سے آئے مہمانوں کے لیے بہت خیر مقدمی ہونا اور ہر ممکن حد تک شرکت پر کم سے کم پابندیاں و شرائط عائد کرنا ضروری ہے۔ اسے مہینے میں کم از کم دو بار اجلاس منعقد کرنا چاہیے۔


مثلاً مندرجہ ذیل شرائط ریفرینس کلبوں کے لئے تجویز نہیں کی جاتیں:

  • مہمانوں کے لئے آمد سے کافی پہلے اطلاع کی شرط
  • دور دراز مقامات پر اجلاس کی جگہیں جو عوامی ٹرانسپورٹ کے ذریعہ آسانی سے قابل رسائی نہ ہوں
  • سخت حفاظتی تقاضوں کی حامل اجلاس کی جگہیں
  • شرکت سے پہلے مہمانوں کی اپنے گروپس یا میلنگ لسٹوں میں اندراج کی شرط
  • اجلاس کی ترتیبات جو مجوزہ ترتیب برائے اجلاس سے بہت زیادہ مختلف ہوں

ریفرینس کلبوں کی فیس کم سے کم ہونی چاہیے اور انہیں مہمانوں سے شرکت کے لیے معاوضہ نہیں طلب کرنا چاہیے۔

.

سوشل میڈیا

Agora Speakers بہت سے سوشل میڈیا روابط برقرار رکھتا ہے، جن میں فیس بک گروپ اور فورمز وغیرہ شامل ہیں۔ ایک سفیر اپنے ملک میں Agora کے سوشل میڈیا چینلز کا ذمہ دار ہوتا ہے، جسے انتظامی سہولیات حاصل ہوتی ہیں۔ اسے ان چینلز کو بھی ہر ممکن حد تک روانی سے چلاتے رہنا چاہیے، جس کا بنیادی طور پر مطلب رکنیت کی درخواستوں کی جلد از جلد منظوری، سوالات کے جواب دینا اور قابل اعتراض مواد ہٹانا وغیرہ ہے۔

 


 
سفراء کو باقاعدگی سے کچھ شائع کرنے یا کسی بھی طرح کا بلاگ یا خبری مراسلہ/ نیوز لیٹر منظم کرنے کی ضرورت نہیں۔ پھر بھی اگر وہ ایسا کرنے کا وقت اور خواہش رکھتے ہوں تو یقیناً یہ خوش آئند ہے۔ تاہم ہم Agora کے سفراء سے درخواست کرتے ہیں کہ وقتاً فوقتاً میڈیا (تصاویر یا ویڈیوز) شیئر کریں تاکہ ان کے کلب کی کارکردگی آشکار ہو۔


Agora کی سرکاری مستعمل زبانوں سے قطع نظر سفراء کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے کہ وہ سوشل میڈیا چینلز پر اپنی ملکی زبان کا استعمال کریں، تا کہ تنظیم کی رسائی بڑھے۔

دیگر سرگرمیاں

Agora سفیر مندرجہ ذیل سرگرمیاں بھی انجام دیتے ہیں:

  • ملکی سطح پر Agora کے سوشل نیٹ ورک کی موجودگی کا انتظام (جیسے فیس بک گروپس ، ٹویٹر وغیرہ)
  • ایک مرکزی نقطہ کی حیثیت سے کام کرنا، جس کے گرد تنظیم ترقی کرتی ہے۔
  •  مختلف میدانوں میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ارکان اور کلبوں کو اعزازات دینا۔
  •  ایسے افراد کی نشاندہی کرنا جن سے ان کے ملک یا کسی اور جگہ تنظیم کی مزید ترقی کے لئے رابطہ کیا جا سکے۔
  •  مقامی معاملات پر بصیرت فراہم کرنا جن سے شاید تنظیم بے خبر ہو، جیسے مخصوص مذہبی یا سیاسی امور، ترجمے کی ضروریات اور مزید کام کرنے کے لیے مجوزہ منصوبے وغیرہ۔
  •  میڈیا کے استفسارات اور متعلقہ امور میں رابطے کے لیے نقطہ آغاز فراہم کرنا۔
  • فعال طور پر تنظیم کو فروغ دینا اور نئے کلبوں کی تشکیل اور حوصلہ افزائی میں مدد دینا۔
  • دستیاب وقت میں متوقع شراکتی اداروں میں نمونہ اجلاس منعقد کرنا۔
  • ممکنہ کلب بانیوں کو سوالات کے جوابات فراہم کرنا۔
  • Agora کی نشوونما کے لیے اشتہاری مہمات یا چینلز اور مواقع ترتیب دینا، ان میں شرکت کرنا یا ان کی تجویز دینا۔
  • ایسے پروجیکٹس کے لئے مقامی رابطہ فراہم کرنا، جس میں مقامی حکام کی شرکت کی ضرورت ہو۔
  • مقامی Agora پروگراموں، مقابلوں اور اجتماعات کو ترتیب دینا، ان میں حصہ لینا یا ان کی تجویز دینا۔
  •  تنظیم کو عالمی سطح پر فروغ دینے والے خیالات، تجاویز اور بصیرت کا باقی سفراء کے ساتھ اشتراک کرنا۔
  • انضباطی مسائل میں مقام فریاد (شکایات سننے)  کا کردار ادا کرنا۔
     
ایک رضاکارانہ فرض منصبی ہونے کی وجہ سے ملک میں ریفرینس کلب چلانے، فاؤنڈیشن کو فروغ دینے، اور ہماری اقدار کی پاسداری کے علاوہ سفیر کی کوئی سفری یا دیگر "لازمی" سرگرمیاں نہیں۔

سفراء کی قدر افزائی

سفراء کی Agora میں متعدد طریقوں سے قدر افزائی کی جاتی ہے، جس میں ویب سائٹ اور Agora اشاعتوں میں نمایاں مقام دیا جانا شامل ہے۔


ہمارے ویکی پر تمام سفراء کی ایک  پیشہ ور پروفائل موجود ہے۔

 

حدود

براہ کرم خیال رہے کہ Agora کا سفیر ہونا قانونی طور پر Agora Speakers International فاؤنڈیشن کی نمائندگی، اس کی طرف سے سودے بازی یا معاہدوں میں شرکت کا حق نہیں دیتا۔

نیز بطور سفیر آپ کا فرض منصبی کسی دوسری تنظیم، کاروبار، خدمات یا مصنوعات کی تشہیر کے لئے استعمال نہیں کیا جانا چاہیے، نہ ہی اس کو ایسے انداز سے استعمال کیا جانا چاہیے کہ یہ تاثر پیدا ہو کہ Agora Speakers International  کسی بھی طرح دیگر تنظیموں، کاروبار، خدمات یا مصنوعات سے وابستہ ہے یا ان کی توثیق، حمایت اور شراکت داری کرتا ہے۔


سفراء سرپرست، کوچ اور رہنما کی حیثیت سے کام کرتے ہیں، لیکن سفیر کا فرض منصبی انہیں کسی بھی کلب پر اختیار نہیں دیتا اور نہ ہی اس کے ارکان پر اپنے فیصلے مسلط کرنے کی اہلیت یا قابلیت پیدا کرتا ہے۔

 

Agora سفیر بننے کے ساتھ دوسری تنظیموں میں اسی طرح کا فرض منصبی رکھنا ہماری شرائط سے مطابقت رکھتا ہے جب تک آپ اپنے سفیر کے فرض منصبی کو یہاں بیان کردہ طریقے سے صحیح طور پر نبھائیں۔ یقیناً اگر آپ Agora کی بجائے دوسری تنظیموں کو مستقل طور پر فروغ دیتے رہیں تو آپ کو سوچنا چاہیے کہ کیا آپ واقعی Agora کے سفیر کے لئے موزوں ہیں۔ ہم توقع کرتے ہیں کہ آپ Agora کو کم از کم اتنی ہی ترقی دیں گے جتنا کہ دوسری تنظیموں کو۔

 

موجودہ سفراء

سفراء کی موجودہ فہرست اس صفحے پر ملاحظہ کی جا سکتی ہے - https://www.agoraspeakers.org/pages/worldwide  اور یہ فہرست اس بارے میں واحد مستند ذریعہ ہے۔ کچھ ممالک میں سفیر نہیں، جو بالکل درست ہے: اس کا مطلب صرف یہ ہے کہ ملک میں رکن اور کلب موجود ہیں، لیکن تا حال کسی نے بھی رضاکارانہ طور پر سفیر کی حیثیت قبول نہیں کی۔

Agora کی حالیہ شہرت کی وجہ سے کچھ لوگوں نے سفیر، نمائندہ، ڈائریکٹر، اور نجانے کیا کچھ ہونے کا دعوی کرنا شروع کر دیا ہے۔


Agora میں فی الحال تسلیم شدہ "عہدے" صرف مندرجہ ذیل ہیں۔

  • کلب کے بانی۔ کلب کی سطح پر۔
  • کلب کے افسران۔ کلب کی سطح پر۔
  • ملکی سفیر۔ ملکی سطح پر۔

ہمارے ہاں کوئی "علاقائی ڈائریکٹر" ، "بر اعظمی سفیر ،" یا اس جیسے دیگر من گھڑت فرض منصبی نہیں پائے جاتے۔

 

اعزازی سفراء

وہ سفراء جو اب مزید فعال نہیں لیکن جو فاؤنڈیشن کے لیے غیر معمولی خدمات انجام دے چکے ہیں، ان کی سفارت اعزازی طور پر برقرار رکھی جاتی ہے۔ یہ امر انہیں یہ اعزاز برقرار رکھنے کی اجازت دیتا ہے، لیکن انہیں فعال طور پر کلب کی تخلیق، چلانے یا سوشل نیٹ ورک کے انتظام کی ذمہ داریوں سے آزاد کرتا ہے۔