سرپرستی کیا ہے؟
سرپرستی ایک ایسا عمل ہے جس میں زیادہ تجربہ کار ارکان اپنا وقت، توجہ، علم، رہنمائی، بصیرت اور مشورے (نئے ارکان کو) دیتے ہیں۔ اس سے Agora کے نئے ارکان کو آغاز کرنے میں مدد ملتی ہے۔ ان کے لیے Agora کی پوری دنیا قدرے مرعوب کن ہوسکتی ہے۔ انہیں یہ تک معلوم نہیں ہوتا کہ آغاز کہاں سے لیا جائے، یا کمیونٹی میں کیسے ضم ہوا جائے۔ سرپرست چار بنیادی شعبوں میں سرپرستی فراہم کرتے ہیں۔
- Agora پلیٹ فارم - وہ نئے اراکین کو مختلف Agora سسٹمز یعنی چیٹ، فورم، سوشل میڈیا چینلز، کلب مینجمنٹ، وغیرہ کے استعمال سکھا کراپنا راستہ ڈھونڈنے میں مدد دیتے ہیں۔
- کلب کلچر - وہ نئے ارکان کو سمجھاتے ہیں کہ کلب کیسے چلتا ہے، کن خاص ثقافتی پہلوؤں اور روایات کا خیال رکھا جانا چاہیے، مدد کی درخواست کیسے کی جانی چاہیے، اور فرض منصبی کے لئے خدمات کیسے پیش کی جا سکتی ہیں۔ وہ نئے رکن کو کلب کی غیر Agora سماجی سرگرمیوں (مثلاً حلقہ رفقاء، غیر رسمی اجتماعات اور پارٹیوں وغیرہ) سے متعارف کراتے ہیں۔
- Agora تعلیمی پروگرام – وہ تعلیمی پروگرام کی ساخت، تعلیمی پروجیکٹس کیسے ڈھونڈے جائیں، مختلف فرائض منصبی کی درست انجام دہی کا طریقہ اور ابتدائی پروجیکٹس کے بارے میں مشورہ دیتے ہیں۔
- Agora کی عالمگیر کمیونٹی۔ وہ بتاتے ہیں کہ کلب کیسے عالمگیر Agora کمیونٹی میں ضم ہوتا ہے، کون سے مقابلہ جات اور کثیر کلب پروگرام منعقد کیے جاتے ہیں اور علاقائی اور بین الاقوامی اجتماعات وغیرہ کی معلومات دیتے ہیں ۔
- وہ کلب میں نئے رکن کی اُس کے مطلوبہ مقاصد کے حصول میں مدد کرتے ہیں۔
سرپرست کی کیا ضرورت ہے؟
قلیل مدت میں مہارت پیدا کرنے کے لئے سرپرستی سب سے مؤثر تکنیکوں میں سے ایک ہے۔
سر کین رابنسن (برطانوی مصنف، مقرر، اور حکومت، غیر منفعتی، تعلیمی، اور آرٹس کی تنظیموں کے بین الاقوامی مشیر برائے تعلیم فنون لطیفہ) کے مطابق سرپرست چار بنیادی کردار ادا کرتے ہیں:
پہچان – سرپرست دلچسبی یا خوشی کی چنگاری پہچانتے ہیں، اور کسی فرد کوکسی شعبے کے ان مخصوص اجزاء تک رسائی میں مدد کر سکتے ہیں جو اس فرد کی صلاحیت اور جذبے سے مطابقت رکھتے ہوں۔۔۔'
حوصلہ افزائی - سرپرست ہماری راہنمائی کرتے ہوئے ہمیں یقین دلاتے ہیں کہ ہم وہ کچھ حاصل کرسکتے ہیں، جو ہمیں انہیں ملنے سے پہلے مشکل یا ناممکن لگتا تھا۔ وہ ہمیں زیادہ دیر تک خود پر شکوک و شبہات، یا اس خیال کا شکار ہونے کی اجازت نہیں دیتے کہ ہمارے خواب ہمارے لئے بہت بڑے ہیں۔ وہ ہمارا ساتھ دے کر ہمیں وہ مہارات یاد دلاتے ہیں، جن کے ہم پہلے ہی سے مالک ہیں اور اگر ہم محنت جاری رکھیں، تو ہم کیا کچھ حاصل کر سکتے ہیں۔۔۔۔'
امداد- ' سرپرست... ہمیں مشورہ اور تکنیک دے کر، ہمارے لئے راستہ ہموار کر کے، اور ہمارے لڑکھڑانے کے دوران دستیاب رہتے ہوئے ہمیں اپنی غلطیوں سے سیکھنے اور سنبھلنے کا موقع بھی دے ہماری رہنمائی میں مدد کر سکتے ہیں ۔۔۔'
حد آزمانا – 'مؤثر سرپرست ہمیں ہماری اپنی مفروضہ حدود پھلانگنے پر مجبور کر دیتے ہیں۔ جیسے وہ ہمیں خود تشکیکی کا شکار نہیں ہونے دیتے،اسی طرح وہ ہمیں اپنی زندگی میں اپنی صلاحیتوں سے کم کے حصول سے بھی روکتے ہیں۔ ایک حقیقی سرپرست ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہمارا ہدف کبھی بھی اپنے مقاصد کے حصول میں 'اوسط' ہونا نہیں چاہئے… '
ایک سرپرست:
- پہلے ہی اُس راستے پر سفر کر چکا ہے، جس پر آپ ابھی آغاز کر رہے ہیں - وہ جانتا ہے کہ کیا ٹھیک ہے، اور کیا نہیں۔ وہ پہلے ہی ایسی غلطیاں کر چکا ہے، جن سے آپ خود انھیں آزمانے کی تکلیف سے گزرے بغیر سیکھ سکتے ہیں۔
- پہلے ہی سے رابطوں کا جال بنا چکا ہے۔ یہ خصوصاً اہم ہے، اگر آپ اپنے کمیونٹی پروجیکٹ کے لئے کوئی سرپرست منتخب کررہے ہیں۔ ایک سرپرست آپ کو کچھ اہم لوگوں سے متعارف کرا سکتا ہے، جو آپ کے لئے بند دروازے کھول دیں۔
- آپ کو راستے پر قائم رہنے، اور مستقل مزاجی کی عادت پیدا کرنے کے لیے آپ پر دباؤ ڈالتا ہے۔
- آپ کی کامیابی کے امکانات کو بڑی حد تک بڑھا دیتا ہے۔
- آپ کو آپ کی تقریر یا پروجیکٹ کے بارے میں دیانتدارانہ اور غیر جانبدارانہ مشورے فراہم کرتا ہے۔ چونکہ آپ سرپرست کو کچھ ادا نہیں کر رہے، آپ کا اس کے اوپرکوئی ادھار نہیں۔ لہٰذا اُسے اُن چیزوں کو برداشت کرنے کی قطعاً ضرورت نہیں، جنہیں وہ غلط سمجھتا ہے۔